اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) عالمی شہرت یافتہ اداکارہ صبا قمر کو دوران شوٹنگ طبیعت خراب ہونے پر اسپتال میں داخل کروادیا گیا۔
اداکارہ ان دنوں ایک نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والے ڈرامے ‘پامال’ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، اس ڈرامے کی شوٹنگ اسلام آباد میں کی جارہی ہے۔
اس حوالے سے مختلف میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اداکارہ سیٹ پر ڈرامے کی شوٹنگ میں مصروف تھیں کہ اچانک ان کی طبیعت بگڑ گئی جس پر انہیں فوری علاج کے لیے اسپتال روانہ کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ بروقت علاج ہونے کی وجہ سے صبا قمر کی طبیعت میں بہتری آرہی ہے اور ان کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
مزید براں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اسٹوری کے ذریعے اپنی صحت سے متعلق اپڈیٹ بھی شیئر کی۔

فوٹو سوشل میڈیا
اسٹوری میں اداکارہ کو میڈیکل ٹیم کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے جب کہ اداکارہ نے اپنے اکاؤنٹ پر مختلف اسٹوریز بھی شیئر کیں جس میں ان کے چاہنے والوں کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: اداکارہ بشریٰ انصاری کا اپنی نئی ویڈیو میں لڑکیوں کو اہم پیغام
