نیویارک(روشن پاکستان نیوز) امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک یادگار شام کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں معروف سماجی رہنما اور اخوت کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب اور پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کلاسیکل و غزل گائیک استاد حامد علی خان ایک ہی اسٹیج پر جلوہ گر ہوں گے۔ یہ خصوصی تقریب 2 اگست 2025 کو نیویارک کے علاقے ہِکس وِل کے “مارکی آن براڈوے” ہال میں شام 6:30 بجے منعقد ہو گی۔
یہ پروگرام اخوت آرگنائزیشن کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ڈاکٹر امجد ثاقب کی فلاحی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ ڈاکٹر صاحب کو حال ہی میں معروف ایشیائی اعزاز “رامون میگسیسے ایوارڈ” سے نوازا گیا ہے اور وہ 2024 کے نوبل امن انعام کے نامزد امیدوار بھی رہ چکے ہیں۔ اس موقع پر وہ پاکستانی کمیونٹی سے براہ راست خطاب کریں گے اور اخوت کے مشن اور فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کریں گے۔
تقریب کی خاص بات یہ بھی ہے کہ استاد حامد علی خان اپنی خوبصورت آواز اور کلاسیکل موسیقی سے شرکاء کو محظوظ کریں گے۔ ان کی پرفارمنس نیویارک سمیت امریکہ کے دیگر شہروں میں پاکستانی موسیقی کے چاہنے والوں کے لیے ایک شاندار تحفہ ہو گی۔
مزید پڑھیں: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے 120 دن کی ایف بی آر ٹیکس فری موبائل رجسٹریشن کی سہولت دستیاب
تقریب کی میزبانی کمیونٹی کے سرگرم افراد کر رہے ہیں جن میں ڈاکٹر صداف سلمان، ڈاکٹر سرور گھمن، راشد سلہری، ڈاکٹر عبدالمجید، میاں مشتاق جاوید، اور دیگر شامل ہیں۔ اخوت کی جانب سے تمام پاکستانیوں سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اس یادگار شام میں بھرپور شرکت کریں اور انسانیت کی خدمت کے مشن میں اخوت کا ساتھ دیں۔