جمعرات,  17 جولائی 2025ء
رابی پیرزادہ: روحانی تبدیلی، فلاحی خدمت اور مثبت طرزِ زندگی کی زندہ مثال

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رابی پیرزادہ، جنہوں نے 2019 میں شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ کر اسلامی طرزِ زندگی اپنانے کا فیصلہ کیا، آج کل نہ صرف اپنی روحانی تبدیلی کی بدولت توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں بلکہ وہ معاشرتی فلاح و بہبود کے کاموں میں بھی بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔ حال ہی میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ عبایہ میں ملبوس اور چہرہ ڈھانپے نظر آ رہی ہیں۔ اس تصویر کے ساتھ انہوں نے دل کی گہرائیوں سے نکلنے والے جذبات شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں اب اس دنیا میں سکون محسوس نہیں ہوتا، بلکہ یہ دنیا انہیں ایک قید خانہ لگتی ہے۔

رابی پیرزادہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ اب وہ اپنے اعمال سے خوفزدہ رہتی ہیں، ہر لمحہ یہ فکر لاحق رہتی ہے کہ کہیں کسی کو کھانا نہ ملا ہو، یا ان کی عبادات میں کوتاہی نہ ہو جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو عمل صرف اللہ کی رضا کے لیے کیا جائے، اس میں دنیاوی ستائش کی کوئی لالچ باقی نہیں رہتی، اور شاید یہی کیفیت اللہ کی طرف سے ایک آزمائش ہو۔

رابی پیرزادہ نے شوبز چھوڑنے کے بعد مصوری کو ذریعہ معاش بنایا اور اب ان کی پینٹنگز بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کر رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے “رابی فاؤنڈیشن” کے ذریعے فلاحی کاموں کا سلسلہ بھی شروع کیا، جہاں وہ یتیم بچوں، بیواؤں اور مستحق افراد کی مدد کرتی ہیں۔ ان کے کاموں میں دکھاوا یا شہرت کی خواہش نظر نہیں آتی، بلکہ وہ خالصتاً اخلاص اور دینی جذبے کے تحت سرگرم عمل ہیں۔

آج کل جب سوشل میڈیا پر فالورز، لائکس اور مصنوعی شہرت کی دوڑ لگی ہوئی ہے، رابی پیرزادہ ایک ایسا مثبت رول ماڈل بن کر سامنے آئی ہیں جو نوجوان نسل کو سادگی، حیاء اور خدمتِ خلق کی طرف راغب کر رہی ہیں۔ ان کا فیملی وی لاگنگ کا انداز سادہ مگر بامقصد ہے، جس میں فحاشی یا عریانی کا کوئی عنصر نہیں پایا جاتا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ عوام میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہیں اور لوگ ان کے طرز زندگی اور سچائی سے متاثر ہو رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: فنی خرابی کے باعث ترکش ایئرلائن کی لاہور ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ

رابی پیرزادہ نہ صرف ایک بدلی ہوئی شخصیت کا عکس ہیں بلکہ وہ ان خواتین کے لیے بھی امید کی کرن ہیں جو اپنی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے کی خواہشمند ہیں۔ ان کا یہ سفر نہ صرف روحانیت بلکہ انسانیت کی خدمت کا بھی بہترین نمونہ ہے۔

مزید خبریں