کراچی(کرائم رپورٹر) کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع ایک فلیٹ سے ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی انتہائی مسخ شدہ لاش کی برآمدگی نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ واقعہ گذری تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں پولیس نے اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے لاش کو اپنی تحویل میں لیا اور جناح اسپتال منتقل کیا، جہاں اس کا پوسٹ مارٹم مکمل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق اداکارہ کی لاش نہایت خراب حالت میں تھی، جسم بری طرح گل چکا تھا اور چہرہ شناخت کے قابل نہیں رہا۔ پوسٹ مارٹم کے دوران کیمیکل سیمپلز حاصل کر لیے گئے ہیں تاکہ موت کی اصل وجہ فارنزک رپورٹ کے ذریعے معلوم کی جا سکے۔
اداکارہ کی لاش سرد خانے منتقل کر دی گئی ہے اور پولیس نے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ ایس ایچ او گذری فاروق سنجرانی کے مطابق پولیس نے متوفیہ کے اہل خانہ سے رابطے کی کوشش کی۔ والد سے بات کی گئی تو انہوں نے کراچی آنے سے صاف انکار کر دیا اور بتایا کہ انہوں نے کافی عرصہ قبل حمیرا سے قطع تعلق کر لیا تھا۔ پولیس نے اداکارہ کے بھائی سے رابطہ کیا جس نے والد سے دوبارہ بات کرائی، تاہم والد نے ایک بار پھر لاش لینے سے انکار کر دیا۔ پولیس کے مطابق والد کو قائل کرنے کی کوشش کی گئی ہے لیکن اس کے بعد انہوں نے دوبارہ رابطہ نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: حافظ آباد: پانچ روز میں تین پولیس مقابلے، متعدد ڈاکو ہلاک و گرفتار
اداکارہ حمیرا اصغر مختلف ماڈلنگ اور ڈراما پروجیکٹس میں کام کر چکی تھیں۔ ان کی پرسرار اور تنہا موت، لاش کی افسوسناک حالت اور قریبی رشتہ داروں کی بےرُخی نے اس واقعے کو مزید افسوسناک اور مشکوک بنا دیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور مزید حقائق فارنزک رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔