جمعرات,  12 جون 2025ء
ثنا یوسف کا یادگار انٹرویو — “میں بدلے نہیں، معاف کرنے پر ایمان رکھتی ہوں”

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سوشل میڈیا کی دنیا میں راتوں رات شہرت حاصل کرنے والی چترال کی باصلاحیت اور خوبصورت نوجوان ثنا یوسف کا ایک یادگار انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے نہ صرف اپنی ذاتی زندگی اور سفرِ شہرت پر کھل کر بات کی تھی بلکہ اپنے مثبت خیالات اور زندگی کے اصول بھی ناظرین سے شیئر کیے تھے۔

ثنا نے بتایا تھا کہ ان کا تعلق چترال سے ہے اور ان کے والد قومی ٹیلی کام کمپنی میں ملازم ہیں جبکہ والدہ ایک گھریلو خاتون ہیں۔ ثنا نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ ان کے والدین خصوصاً والدہ ان کا بہت زیادہ ساتھ دیتی ہیں۔ “جب میرے انسٹاگرام پر پہلی ویڈیو وائرل ہوئی اور ملینز ویوز آئے، تو والدین نے میری بھرپور حوصلہ افزائی کی”، ثنا نے بتایا۔

انٹرویو کے دوران ثنا نے انکشاف کیا تھا کہ وہ شوبز کے ساتھ ساتھ تعلیم کو بھی برابر اہمیت دیتی ہیں اور ان کا خواب ہے کہ وہ مستقبل میں ڈاکٹر بنیں۔ “تعلیم ایک نَشہ ہے، اور یہ نَشہ ہمیں ہمیشہ ساتھ رکھنا چاہیے”، ثنا نے مسکراتے ہوئے کہا تھا۔

انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں کئی ڈراموں اور برانڈز کی طرف سے آفرز آ چکی ہیں، اور ان کے ساتھ اب باقاعدہ ایک مینجمنٹ ٹیم کام کر رہی ہے جو پی آر اور برانڈ ڈیلز کو سنبھالتی ہے۔ انہوں نے حال ہی میں ایک ڈرامے میں بھی اداکاری کی تھی۔

“میں کسی سے بدلہ لینے کے بجائے معاف کرنے پر یقین رکھتی ہوں۔ جو لوگ برائی کرتے ہیں، ان کے ساتھ بھی اچھا رویہ رکھنا چاہیے۔ خوش رہیں اور دوسروں کو بھی خوش رکھیں”، ثنا نے جاتے جاتے نوجوانوں کو پیغام دیا تھا۔

ثنا یوسف کا یہ انٹرویو نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث بنا تھا بلکہ نوجوان نسل کے لیے ایک مثبت مثال بھی قائم کر گیا کہ شہرت کے باوجود انسان عاجز، بااخلاق اور مہربان رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں