اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — سوسائٹی فار ہیومن رائٹس اینڈ پرزنرز ایڈ (SHARP) نے نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (NACTA) اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (UNODC) کے اشتراک سے یورپی یونین کے مالی تعاون سے شروع کیا گیا “امن کار: پرفارمرز فار پیس” منصوبہ ایک رنگا رنگ اختتامی تقریب کے ساتھ کامیابی سے مکمل کر لیا۔ یہ پراجیکٹ پاکستان کے آٹھ اضلاع میں امن، رواداری اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے نوجوانوں کو تخلیقی انداز میں مصروف کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا۔
اس منفرد منصوبے کے تحت تھیٹر ورکشاپس، انٹریکٹو پرفارمنسز اور کمیونٹی ڈائیلاگ کے ذریعے نوجوانوں کو سماجی ہم آہنگی، تنوع اور ہمدردی جیسے موضوعات پر ابھارا گیا۔ حقیقی زندگی کے مناظر پر مبنی ڈرامے، تھیٹر گیمز اور مکالمے کے ذریعے نوجوانوں کو تخلیقی انداز میں مسائل کے حل کی ترغیب دی گئی۔
تقریب کا آغاز SHARP کے سی ای او مدثر جاوید کی استقبالیہ تقریر سے ہوا، جنہوں نے کہا: “ہم اپنے نوجوانوں پر فخر کرتے ہیں جنہوں نے اسٹیج کو پیغامِ امن کے لیے استعمال کیا۔”
پراجیکٹ کے دوران 10 تھیٹر ورکشاپس کے ذریعے 300 نوجوانوں تک رسائی حاصل کی گئی، جب کہ 8 اضلاع میں 16 تھیٹر پرفارمنسز کے ذریعے پیغامِ امن، تنوع اور شمولیت کو عام کیا گیا۔ اس کے علاوہ، پرفارمنس کے بعد ہونے والے کمیونٹی ڈائیلاگز میں 3,000 سے زائد نوجوانوں نے حصہ لیا۔
UNODC کے ایڈوائزر سید ارسلان زیدی نے کہا کہ “UNODC کو فخر ہے کہ وہ ایسے منصوبوں کا حصہ ہے جو آرٹ اور کلچر کے ذریعے سماجی تبدیلی لاتے ہیں۔ ان پرفارمنسز کو تعلیمی اداروں میں خوب سراہا گیا۔”
معروف فنکار اور تھیٹر ماہر جمال شاہ، جو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے، نے کہا: “تھیٹر دل سے بات کرتا ہے، یہ لوگوں کو جوڑتا ہے، ان کی سوچ بدلتا ہے۔”
NACTA کے ڈی جی ڈاکٹر خالد چوہان نے پالیسی برائے انسداد پرتشدد انتہا پسندی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ “ثقافت کے ذریعے امن کے فروغ کو حکومتی پالیسی کا حصہ بنایا گیا ہے، اور حکومت پاکستان ایسے اقدامات کی مکمل حمایت کرتی ہے۔”
تقریب کے آخر میں SHARP کے چیئرمین، قانونی ماہر اور معروف کالم نگار لیاقت بنوری نے کہا: “امن کار صرف ایک منصوبے کا اختتام نہیں، بلکہ ایک وسیع تر تحریک کا آغاز ہے۔ ہم اپنے شراکت داروں—NACTA، UNODC، اور یورپی یونین—کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔”
تقریب کا اختتام پاکستان کی ثقافتی ورثے کو خراج تحسین پیش کرنے والی خوبصورت موسیقی کے ساتھ ہوا، جس کے بعد شرکاء کے ساتھ گروپ فوٹو لیا گیا، جو اس کامیاب منصوبے کی یادگار کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔