شیففیلڈ(روشن پاکستان نیوز)معروف پاکستانی اداکارہ زارااکبر نے یکم مئی کولیبرڈے پرمزدوروں سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئے حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزدورکاپسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری اداکردو۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم مزدور منایا جا رہا ہے اورمختلف سیاسی ودیگر شخصیات مزدوروں سے اظہار یکجہتی کر رہے ہیں وہیں فنکار بھی پیچھے نہیں رہے اور اس حوالے سے برطانیہ میں موجود اداکارہ زارا اکبر نے کہاکہ مزدور اپنے بچوں کے پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے گھر سے نکل جاتا ہے، گرمی ہو یا کڑی دھوپ، موسم کی سختی کی پرواہ کیے بغیر محنت و مشقت سے کام کرتا ہے، اس امید کے ساتھ کہ غروب آفتاب پر ملنے والی دیہاڑی سے اس کے گھر کا چولہا جلے،اس لئے ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ مزدورکاپسینہ خشک ہونے سے پہلے اس کی مزدوری اداکردو۔
مزیدپڑھیں:مانچسٹر میں عید مبارک شوکی تیاریاں مکمل،زارااکبرجلوہ گر ہونگی
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھاکہ سورج کی تپتی نظروں سے آنکھیں ملانے والا دیہاڑی دار مزدور اپنے حقوق اور کم اجرت ملنے پر حکومت کی عدم توجہی پر پریشان دکھائی دیتا ہے تاہم بھوک و افلاس، بے بسی کی زندگی کی گاڑی کو دھکیل رہا ہے تاکے مہنگائی کے طوفان اور پیٹ کی آگ بجھانے کے لیے اپنا سفر طے کر سکے۔
زارااکبر نے کہاکہ مزدوروں کے مسائل سے باخبر حکومت مزدوروں کے حال و حالات کو بدلنے کے لیے اقدامات کرے۔
اداکارہ نے کہاکہ حکومت کو چاہیے مزدوروں کے حقوق کیلئے بنائے گئے قوانین پر عملدرآمد کرکے مزدوروں کے حقوق کا تحفظ کرے۔