منگل,  08 اکتوبر 2024ء
ثانیہ کا شعیب کی شادی پر نیک خواہشات کا اظہار بہن انعم مرزا نے بیان جاری کر دیا

نئی دہلی (روشن پاکستان نیوز)بھارت کی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی بہن انعم مرزا نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں شعیب ملک اور ثانیہ مرزا کی طلاق کی تصدیق کر دی۔


ہفتہ 20 جنوری کی صبح شعیب ملک اور اداکارہ ثنا جاوید نے انسٹاگرام پر شادی کی مشترکہ تصاویر جاری کیں اور کیپشن میں ‘الحمداللہ لکھا، دونوں کی تصویریں اور شادی کی خبر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگی۔


شعیب اور ثانیہ میں طلاق ہو چکی ہے جب کہ گزشتہ روز ٹینس اسٹار کے والد عمران مرزا نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی نے خلع لی ہے۔اب اتوار کی صبح انعم مرزا نے انسٹاگرام پر اپنے اہلخانہ اور ثانیہ کی ٹیم کی جانب سے ایک بیان جاری کیا ہے۔
شیئر کردہ نوٹ میں لکھا گیا ‘ثانیہ نے ہمیشہ عوام سے اپنی نجی زندگی کو پوشیدہ رکھا، البتہ آج ضرورت پیش آگئی ہے کہ وہ یہ بات سب سے شیئر کرے کہ شعیب اور اس کی طلاق کو کچھ ماہ گزر چکے ہیں۔


انسٹاگرام پوسٹ میں مزید لکھا تھا کہ ‘ثانیہ اپنے سابق شوہر شعیب کی نئی زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہیں۔انعم مرزا کے اکاؤنٹ پر سامنے آنے والے نوٹ میں مداحوں سے درخواست کی گئی کہ ‘ثانیہ کی زندگی کے اس نازک وقت پر ہم تمام مداحوں سے اپیل کرتے ہیں کہ کسی قسم کی جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں اور پرائیویسی کا خیال رکھیں۔اس کے علاوہ یہ ہی نوٹ ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا کی جانب سے بھی ایکس اکاؤنٹ پر شیئر کیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ اپریل 2010 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی جوڑی شعیب اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے درمیان طلاق کی افواہیں دسمبر 2022 سے زیرگردش تھیں۔طلاق کی خبروں کو کئی ماہ گزر جانے کے باوجود دونوں کی جانب سے اس حوالے سے کوئی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی تھی۔دونوں کے ہاں شادی کے 8 سال بعد 30 اکتوبر 2018 کو پہلے بیٹے اذہان کی پیدائش ہوئی تھی۔


دوسری جانب گلوکار عمیر جیسوال اور ثنا جاوید کا نکاح اکتوبر 2020 میں ہوا تھا، ان کے درمیان طلاق کی افواہیں گزشتہ دنوں سامنے آئی تھیں جس کی تردید یا تصدیق جوڑے کی جانب سے نہیں کی گئی تھی۔

مزید خبریں