هفته,  20  ستمبر 2025ء
سائنس دانوں کو گائیوں پر زیبرا لکیریں بنانے پر اِگ نوبل انعام

ٹوکیو: جاپان کے محققین نے گائیوں کو زیبرا جیسی سفید دھاریوں سے پینٹ کرنے کے تجربے پر اِگ نوبل انعام جیت لیا ہے، اس تحقیق میں ثابت کیا گیا کہ یہ دھاریاں گائیوں کو کاٹنے والی مکھیوں سے نمایاں حد تک بچاتی ہیں۔

اِگ نوبل انعام دنیا بھر میں اُن تحقیقات کو دیا جاتا ہے جو بظاہر عجیب یا مزاحیہ محسوس ہوں، لیکن ان میں سائنسی تحقیق موجود ہوں اور سوچنے پر مجبور کریں، اس سال یہ انعام جاپان کے آئچی ایگریکلچرل ریسرچ سینٹر کے ماہرین کو دیا گیا، جنہوں نے تجربہ کیا کہ زیبرا جیسی سفید دھاریوں سے گائیوں کو پینٹ کرنے پر مکھیوں کا حملہ تقریباً 50 فیصد کم ہو گیا۔

تحقیق کے مطابق کاٹنے والی مکھیاں مویشیوں کے لیے نہ صرف نقصان دہ ہیں بلکہ ان کی خوراک اور چرنے کی عادات کو متاثر کر کے وزن بڑھنے اور دودھ کی پیداوار میں کمی کا باعث بنتی ہیں، عام طور پر کسان مویشیوں پر کیڑہ مار دوائیں استعمال کرتے ہیں، تاہم اس سے مکھیوں میں مزاحمت اور آلودگی کے مسائل بڑھتے ہیں۔

جاپانی محققین کا یہ مطالعہ ایک بین الاقوامی تحقیق پر مبنی ہے جو اسپین، سویڈن، ہنگری اور سوئٹزرلینڈ کے سائنس دانوں نے کی تھی، اس تحقیق میں یہ انقشاف کیا گیا تھا کہ سفید گھوڑوں پر مکھیوں کے بیٹھنے کا امکان سیاہ گھوڑوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے، اگرچہ اس کی اصل وجہ ابھی تک مکمل طور پر واضح نہیں ہے۔

محققین کے مطابق چونکہ پانی سے بننے والی پینٹ کی دھاریاں چند ہفتوں میں اتر جاتی ہے، اس لیے زیبرا پیٹرن کو مستقل بنانے کے لیے مزید تحقیق درکار ہے، سائنس دانوں کا ماننا ہے کہ مستقبل میں یہ طریقہ کسانوں کو کیمیائی ادویات پر انحصار کم کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔

مزید خبریں