اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں 7 ستمبر کی شب مکمل چاند گرہن کا شاندار نظارہ کیا جائے گا۔
پاکستان کی خلائی تحقیقاتی ادارہ (سپارکو) کے مطابق یہ فلکیاتی مظہر رات 8 بج کر 30 منٹ پرشروع ہوگا اوررات 1 بج کر55 منٹ پراپنی مکمل شدت پرپہنچے گا، گرہن کا اختتام رات کے آخری پہرمیں ہوگا۔
ماہرین فلکیات کے مطابق مکمل چاند گرہن اس وقت وقوع پذیر ہوتا ہے جب زمین سورج اور چاند کے درمیان آجاتی ہے اورزمین کا سایہ مکمل طورپرچاند کو ڈھانپ لیتا ہے، اس دوران چاند سرخ مائل یا تانبے جیسا رنگ اختیارکرلیتا ہے جسے “بلڈ مون” بھی کہا جاتا ہے۔
سپارکو نے بتایا ہے کہ یہ چاند گرہن پاکستان سمیت ایشیا، یورپ، افریقہ اورآسٹریلیا کے مختلف حصوں میں واضح طور پردیکھا جا سکے گا۔
شوقین افراد اس نایاب فلکیاتی منظرکوبغیرکسی خاص آلات کے کھلی آنکھ سے بھی دیکھ سکتے ہیں تاہم بہترمشاہدے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کا استعمال کیا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: سال 2024 کا پہلا طویل ترین سورج گرہن کب اور کیسے دیکھا جا سکے گا ؟ دیکھیں
محکمہ موسمیات نے بھی ملک بھر میں موسم صاف رہنے کی پیشگوئی کی ہے، جس سےعوام کو یہ فلکی مظہر دیکھنے کا بہترین موقع ملے گا۔
ماہرین نے عوام کو تاکید کی ہے کہ وہ محفوظ طریقے سے اورقدرت کے اس حسین نظارے سے لطف اندوزہوں۔