اسلام آباد(عرفان حیدر) قومی اسمبلی کے حلقہ NA-47 میں بلدیاتی سیاست کے حوالے سے ایم کیو ایم پاکستان نے ایک اہم سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ حلقے کی تین یونین کمیٹیوں (UCs) میں پارٹی کے تین امیدواروں کے میدان میں اترنے کو سیاسی حلقوں میں تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جو اس سے قبل اسلام آباد میں کسی جماعت کو حاصل نہیں ہوئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی پارٹی کی مضبوط تنظیم، مؤثر حکمتِ عملی اور عوامی اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بھی وارڈ میں کامیابی پورے حلقے کی فتح کے مترادف ہوگی، جو کارکنان اور حامیوں کی مسلسل محنت اور جدوجہد کا نتیجہ ہے۔
پارٹی قیادت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت جاری رکھیں تاکہ 2026 میں مزید سیاسی کامیابیاں حاصل کی جا سکیں اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: اے این ایف کا تعلیمی اداروں اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن
حلقہ NA-47 سے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور قومی اسمبلی کے سابق امیدوار سید نسیم سید ندیم منصور نے بھی نئے سال 2026 کے آغاز پر عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے مسیب برادری سمیت پوری امتِ مسلمہ اور پاکستان کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کی دعائیں کیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ پیش رفت نہ صرف ایم کیو ایم پاکستان کے لیے سیاسی طور پر اہم ہے بلکہ اس سے حلقہ NA-47 میں پارٹی کی عوامی مقبولیت اور مستقبل میں مضبوط پوزیشن بھی واضح ہوتی ہے۔ پارٹی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عوامی حمایت سے ہر وارڈ میں کامیابی حاصل کی جائے گی۔











