پشاور (روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سینیئر رہنما قاضی محمد انور ایڈووکیٹ نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما قاضی محمد انور ایڈووکیٹ نے پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا ہے۔
رہنما نے کہا کہ موجودہ پارٹی قیادت کی جانب سے انہیں بے عزتی کا سامنا کرنا پڑا اور اسی وجہ سے پی ٹی آئی میں رہنا ان کے لیے تکلیف دہ ہو گیا۔
انھوں نے بتایا کہ تین سال، ایک ماہ اور 18 دن پہلے انہیں 2022 میں خیبر پختونخواہ کے لیے انصافی وکلاء فورم (ILF) کا صوبائی صدر مقرر کیا گیا تھا، اس دوران جو سلوک کیا گیا، اس پر بات کرنے سے فی الحال گریز کر رہے ہیں تاکہ کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں جلد عمران خان کی حکومت ہو گی، بڑا دعویٰ
سینیئر وکیل نے کہا صوبائی صدر خیبر پختونخواہ کے لیے انصافی وکلاء فورم کے عہدے کے ساتھ ساتھ پارٹی کی کور کمیٹی اور قانونی کمیٹی کے رکن کے عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ وابستگی کے دوران انہوں نے پارٹی کی خدمت بے لوث اور بغیر کسی مالی مفاد کے کی اور پارٹی کو اپنی جانب سے ڈونیشن بھی دی، پارٹی کی ترقی کے لیے ہر ممکن کوشش کی، مگر اب وہ علیحدہ ہو رہا ہوں۔











