اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما اور رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے یومِ جمہوریت کے موقع پر ایک خصوصی پیغام میں جمہوریت کے علمبرداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ قربانیوں، جدوجہد اور جمہوریت سے وابستگی کی ایک روشن داستان ہے۔
سحر کامران نے کہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ “یہ دونوں عظیم رہنما پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوام کے حقوق کی بحالی کی علامت تھے”، انہوں نے کہا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلزپارٹی کی جمہوریت کو قائم اور مضبوط کرنے کی کوششیں ناقابلِ فراموش ہیں، اور آج بھی پارٹی اسی نظریے پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے آباؤ اجداد کی جمہوری وراثت کو نہ صرف لے کر چل رہے ہیں بلکہ اس میں تسلسل بھی چاہتے ہیں۔
سحر کامران کا کہنا تھا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی جمہوریت کے لیے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں اور ہمیشہ آئین و قانون کی پاسداری پر یقین رکھا۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان پیپلزپارٹی، آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جمہوریت کے فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھٹو خاندان کی قربانیاں پاکستان کی جمہوری تاریخ میں سنہری حروف سے لکھی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کا فلسفہ ہمیشہ “جمہوریت کا تسلسل” رہا ہے اور یہی تسلسل پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنائے گا۔
مزید پڑھیں: پیپلزپارٹی عوامی حقوق پر سمجھوتہ نہیں کرے گی، سحر کامران
سحر کامران نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایسا پاکستان چاہتی ہے جہاں ہر شہری کو بنیادی حقوق، آزادی اور انصاف حاصل ہو، اور جمہوری ادارے مکمل طور پر بااختیار ہوں۔ انہوں نے یومِ جمہوریت پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلزپارٹی مستقبل میں بھی جمہوری اقدار کے فروغ اور تحفظ کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔