اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی و سینیٹر چودھری محمد جعفر اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شب و روز محنت کے ساتھ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں مصروف ہیں، جس کے مثبت اثرات معیشت پر واضح ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے، اور آج بھی پوری سنجیدگی سے عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے کوشاں ہے۔
چودھری جعفر اقبال نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے علاقے سوات میں حالیہ سیلاب کے دوران وہاں کے عوام زندگی کی بھیک مانگتے رہے، مگر وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور نے ان کی فریاد تک نہ سنی، جبکہ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے صوبے کے عوام کے ہر دکھ درد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی رہیں۔ انہوں نے اپنے قائد محمد نواز شریف کے احکامات پر دل سے عمل کرتے ہوئے عوامی خدمت کی مثال قائم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک نظریاتی جماعت ہے جو عوام کی اُمیدوں کا محور ہے، اس کا منشور ملک کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر مبنی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ عوام کے لیے حقیقی ترقیاتی منصوبے دیے جن کے ثمرات آج عوام کو مل رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن ملک کو ایک خوشحال، مستحکم اور جدید ریاست میں تبدیل کرنا ہے۔
چودھری جعفر اقبال نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسی جماعت بن چکی ہے جو صرف الزام تراشی، بہتان بازی اور کردار کشی کی سیاست کرتی ہے، جو ملک میں سیاسی استحکام کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے اپنے دورِ حکومت میں مخالف سیاسی قائدین کو جھوٹے کرپشن الزامات میں جیلوں میں ڈالا، اور آج جب خود کو احتساب کا سامنا ہے تو حکومت اور ریاستی اداروں پر الزام تراشی کر رہی ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی اپنے اقتدار کے خاتمے کا بدلہ سیاسی و عسکری اداروں کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے لے رہی ہے۔ ریاستی اداروں کے خلاف سوشل میڈیا پر منظم مہم کے ذریعے انہیں بدنام کرنے اور عوام کو اداروں سے بدظن کرنے کی سازش کی جا رہی ہے، جو نہ صرف قابل مذمت ہے بلکہ ملک کے مفادات کے بھی منافی ہے۔
چودھری جعفر اقبال نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) قائد نواز شریف کی رہنمائی اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو درپیش تمام چیلنجز پر قابو پائے گی اور پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔