اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) معروف سیاسی و سماجی شخصیت فرخ خان کھوکھر کی جمعیت علمائے اسلام (ف) میں شمولیت کے موقع پر ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کا اہتمام سیاسی و فلاحی شخصیت زین بھٹی اور جے یو آئی کی مقامی قیادت نے کیا۔
تقریب میں امیر جے یو آئی اسلام آباد مفتی اویس عزیز نے خصوصی شرکت کی، جبکہ فرخ خان کھوکھر مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر کھوکھر برادری اور مقامی افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے پنڈال کارکنوں سے بھر گیا اور ہال میں جے یو آئی کے حق میں نعروں کی گونج سنائی دی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرخ خان کھوکھر نے کہا کہ وہ جے یو آئی میں کسی لالچ یا سیاسی ٹکٹ کے لیے نہیں بلکہ “جنت کے ٹکٹ” کے لیے شامل ہوئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نہ صرف میرے قائد ہیں بلکہ ہم سب کے قائد ہیں، اور جو کوئی بھی اُن کے خلاف بات کرے گا، اُسے اُس کی زبان میں جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص میرے قائد کے خلاف بات کرے گا، وہ میری دشمنی مول لے گا۔ فرخ کھوکھر نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ جے یو آئی کے ساتھ جڑیں اور پاکستان کو ایک مضبوط اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
آخر میں انہوں نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ جے یو آئی کا حصہ بنیں، کیونکہ یہی جماعت ملک میں اسلامی اقدار، اتحاد اور استحکام کی ضمانت ہے۔