هفته,  22 فروری 2025ء
تنقید کرنے والے یونیورسیٹیز میں جاکر دیکھ لیں،نوجوان میرے ساتھ ہیں،مریم نواز

لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ تنقید کرنے والے یونیورسیٹیز میں جاکردیکھ لیں،نوجوان میرے ساتھ ہیں۔

سی ایم پنجاب آسان کاروبار پروگرام کے تحت چیکس اور کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرضے آپ کو ملے ہیں اور خوشی مجھے ہو رہی ہے،اللہ کا شکر ہے نواز شریف کی بیٹی نے آج ایک اور وعدہ پورا کیا۔

3کروڑ روپے تک قرضے فراہم کیے جارہے ہیں،پنجاب کی ترقی اورخوشحالی ترجیح ہے،قرضے بلا سود فراہم کیے جارہے ہیں ،ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں قرض فراہم کر رہےہیں۔

زیادہ سے زیادہ افراد کو کاروبار کرنے کے مواقع فراہم کریں گے ،نوکریوں کو پیدا کرنا آسان نہیں ہے ،لوگوں کا معیار زندگی بہتر ہو رہاہے،جب نوازشریف کو نکالا گیا تب مہنگائی سوا2فیصد پر تھی،جب ہم نے حکومت سنبھالی تو مہنگائی 38فیصد تھی،اب ملک میں مہنگائی کی شرح 4فیصد سے بھی نیچے آ گئی ہے۔

پنجاب میں آٹے کی قیمت کم ہے ،کوشش کرتی ہوں غریب کیلئے روٹی کی قیمت میں اضافہ نہ ہو ،پنجاب میں 12روپے کی روٹی مل رہی ہے ،ملکی معاشی اشارے مثبت ہیں،جلاؤگھیراؤ کی کتنی کالز آئیں،پنجاب میں کوئی نہیں نکلا۔

نوجوان جان چکے ہیں کہ کس نے ان کامستقبل تباہ کیا،کسی نے بھی ملک کیخلاف کالز پر کان نہیں دھرے،شرح سود کم ہونے سے پیداواری شعبے میں سرمایہ کاری بڑھی ہے۔

آج پاکستان ٹیک آف پوزیشن میں کھڑا ہے،کہتے ہیں سڑکیں بنانے سے کونسی ترقی ہوتی ہے،بتائیں کیا جلاؤگھیراؤ سے ملک ترقی کرتا ہے ؟اپوزیشن جو مرضی کہے،ملک درست سمت میں چل رہا ہے۔

نوجوانوں نے میری آواز پر لبیک کہا،اپنا گھر اسکیم کے لیے 13ہزار مکانات کے لیے قرضے دے چکے ہیں،اس ماہ کے آخر تک اپنا گھر اسکیم کی تعداد 20ہزار تک ہوجائے گی۔

کہا جارہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی بہت پاپولر ہیں،لوگ جلاؤگھیراؤ سے تنگ آچکے ہیں،یہ لوگ ایک دوسرے کو تھپڑ ماررہے ہیں عجیب تماشہ لگا ہوا ہے،عوام نے فتنہ فساد کی کال مسترد کردی۔

انہوں نے مزید کہا کہ رمضان میں عوام کو فری پلاٹ دینے کی اسکیم شروع کرنے جارہے ہیں،پنجاب میں 35لاکھ خاندانوں کو رمضان میں 10ہزار روپے ملیں گے،رمضان کے بعد لیپ ٹاپ کی تقسیم شروع کریں گے۔

کل سے پنجاب میں بننے والی 100سڑکوں کا افتتاح شروع ہوگا،یہ سڑکیں 3 سال کی قلیل مدت میں بن گئیں،باتیں کرنا اورگھر میں بیٹھ کر پگڑیاں اچھالنا بہت آسان ہے۔

مخالفین نےمیرے اور میرے خاندان کے ساتھ جو کیا وہ اللہ پر چھوڑتی ہوں،وقت نے کیسا پلٹا کھایا کہ اب وہ میرے پاس اڈیالہ جیل میں بند ہے،میں نے آج تک کبھی نہیں کہا کہ وہ کیا کھا رہااور کیا پی رہا ہے۔

مزید پڑھیں: عوام سے میرا پیار کا رشتہ لوگوں سے برداشت نہیں ہوتا، مریم نواز

میں نے کبھی نہیں کہا کہ ان کا اے سی بند کردو،میں نے کبھی ان چیزوں پر توجہ نہیں دی کیونکہ میرےپاس وقت نہیں،ہمارے مخالفین مکافات عمل کا شکار ہوگئے ہیں۔

میں نے کبھی نہیں کہا اس کو پکڑو نہ کبھی کہا اس کو چھوڑ دو،جس نے جو جرم کیا ہے اس کی سزا اس کو ملے گی اور مل بھی رہی ہے،میں کسی سے کوئی ظلم اور زیادتی کرنا نہیں چاہتی۔

کوئی اڈیالہ میں اچھا کھانا کھار ہا ہے تو مجھے کوئی اعتراض نہیں،یہ ملک اب جلاؤ،گھیراؤ،انتشار ،گالم گلوچ کا متحمل نہیں ہوسکتا،ملک نے ترقی نہ کی تو بہت سارے نوجوانوں کی امیدیں ختم ہوجائیں گی۔

سب کو کہنا چاہتی ہوں کہ اپنے ملک کا ساتھ دیں،خالی تقریروں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا،پاکستان کا تشخص اچھا ہورہا ہے،غیر ملکی سربراہان آرہے ہیں،بہت سال کے بعد ملک میں چیمپئنز ٹرافی ہورہی ہے،پاکستان میں رونقیں بحالی ہو رہی ہیں۔

مزید خبریں