لاہور(روبینہ ارشد) پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج بھی گرم سرد رہا، اپوزیشن رکن اور پارلیمانی سیکرٹری کی گرما گرمی بھی ہوئی، اپوزیشن نے اجلاس میں حکومت کے خلاف نعرے بازی کی، اسمبلی میں تین نئے بل پیش کئے گئے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر ظہیر اقبال چنڑ کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 38 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کے آغاز پر اپوزیشن ارکان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ ہم نے آج تک 45 ہزار افراد کو ہمت کارڈ دے چکے ہیں، ماہ رمضان کے بعد 1500 بیٹیوں کی شادیاں ہوں گی، اس سے پہلے تو سوشل ویلفئیر کو کوئی جانتا تک نہیں تھا۔
اپوزیشن رکن آصف علی نے الزام لگایا کہ سرگودھا میں گولی سے زخمی ہونے والے شخص کو لاہور جنرل اسپتال میں علاج سے انکار کیا گیا، پارلیمانی سیکرٹری راشدہ لودھی نے جواب دیا کہ مریض نے مرضی سے خود لکھ کر دیا کہ میں جنرل اسپتال سے علاج نہیں کرانا چاہتا۔
مزید پڑھیں: لاہور میں تلخ کلامی پر دکاندار نے پولیس انسپکٹر کو قتل کردیا، ملزم گرفتار
پنجاب اسمبلی میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (ترمیمی) بل 2025 ، گلوبس یونیورسٹی کمالیہ بل 2025، پنجاب ایسڈ کنٹرول بل 2025 بل پیش کیے گئے، تینوں بل اسٹینڈنگ کمیٹیوں کو بھجوا دئیے گئے۔
ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس کل بدھ دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔