جمعرات,  09 جنوری 2025ء
سردار زادہ میر سعید جان لانگو کی لیفٹیننٹ جنرل نعیم لودھی سے ملاقات، علاقے کی ترقی پر گفتگو

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 قلات سے جمعیت علمائے اسلام کے امیدوار سردار زادہ میر سعید جان لانگو نے سابق وفاقی وزیر دفاع، سابق سیکرٹری دفاع اور سابق کورکمانڈر لیفٹیننٹ جنرل نعیم لودھی سے ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے علاقے میں ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیل سے گفتگو کی۔

سردار زادہ میر سعید جان لانگو نے لیفٹیننٹ جنرل نعیم لودھی کو اپنے علاقے میں اب تک ہونے والے ترقیاتی کاموں سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا علاقہ بلوچستان کے پسماندہ ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے اور اس کی تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنی جیب سے بہت سارے کام کروائے ہیں۔

سردار زادہ میر سعید جان لانگو نے کہا کہ وہ اپنے علاقے میں زچہ و بچہ کے مراکز، سڑکیں اور بچوں و بچیوں کے لیے تعلیمی ادارے قائم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا مقصد اپنے علاقے کو پسماندگی سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر ڈالنا ہے تاکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں اور وہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو کر ملک کے مفید شہری بن سکیں۔

انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے آپریشنل ہونے سے نہ صرف بلوچستان کی تقدیر بدل جائے گی بلکہ اس کا اثر ملکی معیشت پر بھی مثبت ہوگا۔ وہ یہ سمجھتے ہیں کہ بہت جلد قلات سمیت پورا بلوچستان ترقی کی راہوں پر گامزن ہوگا اور عوام خوشحال ہوں گے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان اسمبلی کے امیدوار سردار زادہ میر سعید جان لانگو کا عوامی مسائل حل کرنے کے عزم کا اظہار

اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل نعیم لودھی نے سردار زادہ میر سعید جان لانگو کے عوامی خدمت کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو ایسے مخلص لوگوں کی ضرورت ہے جو اپنے علاقے کی ترقی کے لیے کام کریں تاکہ بلوچستان اور ملک کی معیشت کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

مزید خبریں