بدھ,  08 جنوری 2025ء
امریکہ چاہے گا کہ ایسے حکمران آئیں جو پاکستان کو ڈی نیوکلیئرائز کریں، خواجہ آصف

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکہ چاہے گا کہ ایسے حکمران آئیں جو پاکستان کو ڈی نیوکلیئرائز کریں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’’فیصلہ آپ کا‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ تحریک انصاف کو ٹرمپ کے حلف کا انتظار ہے۔ انہیں امریکا اور برطانیہ سے امداد ملنے کی امید ہے۔ مذاکرات میں بھی انہیں بیس جنوری کا انتظار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایٹمی اور میزائل پروگرام پر پہلے بھی دباؤ آتا رہا ہے، پاکستان ہمیشہ برداشت کرتا رہا ہے۔

دوسری جانب پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی کے رکن حامد رضا نے دعویٰ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے نکالنے کی جلدی حکومت کو ہے، تحریک انصاف کو نہیں۔

حامد رضا نے کہا کہ حکومت بیس جنوری سے پہلے سابق چیئرمین تحریک انصاف کو رہا کرنا چاہتی ہے۔ بانی کو گھر پر نظربند ہونے کی پیش کش کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مطالبات کمیٹی میں بتا دیئے ہیں۔ تحریری مطالبات دیئے تو یہ کہیں گے این آر او مانگا جا رہا ہے۔ پاکستان کے جوہری پروگرام پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

صاحبزادہ حامد رضا کا کہنا تھا کہ ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا کہ مطالبات تحریری دیں گے بھی یا نہیں۔اگر تحریری مطالبات دئیے تو وہ درخواست نہیں ہو گی سیدھے دو مطالبات ہوں گے۔

اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بولے کہ ہمارے دو ہی مطالبات ہیں کہ اسیران کی رہائی اور جوڈیشل کمیشن ۔ اسیران میں بانی پی ٹی آئی بھی آتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے کوئی احسان نہیں مانگ رہے۔ہم چاہتےہیں حکومت مزید جھوٹے کیس نہ بنائے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج ، کاروبار کا مثبت آغاز، انڈیکس بلندترین سطح پر، ڈالر مہنگا ہو گیا

مزید خبریں