اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق وفاقی وزیرخزانہ عوام پاکستان پارٹی کے رہنما مفتاح اسماعیل نے دعویٰ کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ایک ڈیڑھ سال کے لیے وزیراعظم بن سکتے ہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ مذاکرات کی باتوں کے دوران کم از کم احتجاج اور مارا ماری نہیں ہو گی، مذاکرات کا ہونا اچھی بات ہے، مذاکرات ہونے چاہئیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حل ایک ہی ہے کہ انتخابات ہوں اور جمہور کی رائے لی جائے۔
مزید پڑھیں؛ کراچی، موٹر سائیکل سوار باپ بیٹا ٹریلر سے ٹکرا کر جاں بحق
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مولانا فضل الرحمان کے قد کے سیاست دان بہت کم ہیں، مولانا صاحب ایک ڈیڑھ سال کے لیے وزیر اعظم بن سکتے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری ہو سکتی تھی لیکن حکومت کی نیت ہی نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ شرح سود کم ہونے کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی ہے، اسٹاک مارکیٹ اس سے بھی اوپر جائے گی اور اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے ٹیکس نہیں لگنے دیا، پنشن ریفارمز نہیں کیں، وزیر اعظم معاشی اصلاحات نہیں چاہتے وہ سیاسی مفادات کو آگے لے آتے ہیں۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ درآمدات میں 7 فیصد کمی آئی ہے، ٹیکس ریٹ اس وقت بہت زیادہ ہے اور اگر معاشی اشاریے مثبت نہیں کیے تو سرمایہ کاری نہیں بڑھ سکتی۔