اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اگر یہ لوگ نہیں سمجھیں تو کل اسرائیل مردہ باد کانفرنس میں ان کا بھی مردہ باد کریں گے، خطاب
جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ ہم ریاست سے لڑائی نہیں چاہتے صرف اپنے مدارس کا تحفظ چاہتے ہیں۔
ہفتہ کے روز جامعہ عثمانیہ نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے دل و دماغ میں وہ دین ڈالتے ہیں جو مغرب کو قابل قبول ہو، مدارس کی رجسٹریشن نہ کرانے کی کوشش بھی اس ایجنڈے کا حصہ ہے، اسٹیبلشمنٹ اور بیوروکریسی جتنی بھی ہمدردی ہمیں دیکھائے کہ ہم مدارس کو مین سٹریم میں لارہے ہیں، مجھے یقین نہیں۔
سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ اسلامیہ کالج بھی ایک دینی مدرسے تھا جب حکومت نے قبضہ کیا تو دینی علم ختم کردیا ، حکومت نے جہاں بھی قبضہ کیا ہے وہ آج مدرسہ نہیں رہا، ہم حکومت کے قبضے سے دینی مدارس کو آزاد کرنا چاہتے ہیں، ہم ریاست سے لڑائی نہیں چاہتے صرف اپنے مدارس کا تحفظ چاہتے ہیں۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ ہم حکومت کو بتانا چاہتے ہیں کہ آپ مدارس کو دہشتگردی سے منسوب کررہے ہیں ، ہمارے چہروں کو آپ گندہ کرنا چاہتے ہیں، ہم مدارس کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، آپ نے ہمارے خلاف اعلان جنگ کیا ہے، ہمارا اور آپ کا سامنا اب ہوچکا ہے اسلئے ہم ڈٹ چکے ہیں اور ہم قیامت تک دین اسلام کے لئے جنگ کرتے رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن سے قبل پی ڈی ایم کی حکومت بنی تو ہم نے یہ مسئلہ حکومت کے سامنے رکھ دیا، وہ اس بات پر آمادہ ہوگئے کہ مدارس کی رجسٹریشن وہاں ہوگی جہاں مدارس چاہتے ہیں، جو ڈرافٹ حکومت نے بنایا تھا وہ ہم سب نے قبول کیا تھا اور پیپلز پارٹی ( پی پی ) اس میں شامل تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جو بل پی ڈی ایم حکومت میں متفقہ طور پر بنایا تھا وہ پاس نہیں ہوا، 26 ویں آئینی ترمیم کےلئے ہم سے مذاکرات ہوئے، پھر دینی مدارس کا بل پیش ہوا، قومی اسمبلی اور سینٹ سے پاس ہوا لیکن صدر مملکت آصف زرداری نے مسترد کیا اور دستخط نہیں کئے، آصف زرداری نے 26 ویں آئینی ترمیمی بل پر اعتراض نہیں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے آپ کے ساتھ مذاکرات کئے آپ کے خلاف ڈنڈا نہیں اٹھایا، اگر آپ نہیں مانتے تو ہم آپ کو بتائیں گے کہ دباؤ آپ کا زیادہ ہے یا ہمارا،
مزید پڑھیں: عالمی معیار کی انسداد فسادات فورس بنائی جائیگی ، قانون پامال کرنیوالوں کو سزائیں دی جائیں ، شہباز شریف