لاہور(روشن پاکستان نیوز) پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ علی امین کو صوبے کے لوگوں کے مستقبل سے دلچسپی نہیں تو مستعفی ہو جائیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا و کرم میں امن و امان کے لیے آل پارٹیز کانفرنس میں صوبائی حکومت کا شرکت سے انکار شرمناک ہے۔ جو جماعت 12 سال سے خیبرپختونخوا میں اقتدار میں ہے اسے صوبے میں امن نہیں چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ تیسری بغاوت ناکام ہونے پر پشتون کارڈ کھیلنا قابل مذمت ہے۔ اور جب تمام تحریکیں تمام کارڈ پٹ گئے تو پشتون کارڈ کو لسانیت کے طور استعمال کیا جارہا۔ پشتونوں کے بچوں کو بانی تحریک انصاف اور بشریٰ بی بی اپنے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک حد تک پہنچ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو صوبے میں قیام امن کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اکٹھا کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے پاس اڈیالہ جیل کے قیدی کی کال پر اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کے لیے وقت اور وسائل ہیں۔ لیکن ان کے پاس پشتون قوم کے بہتر مستقبل کے لیے وقت ہی نہیں ہے۔ کرم، خیبر، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں آئے روز دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پشاور: کنٹینر سے گرایا گیا پی ٹی آئی کارکن وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچ گیا
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فوج، پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز ارض پاک کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں۔ فتنہ پارٹی انہی سیکیورٹی فورسز کے خلاف گھٹیا مہم چلانے میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین کو صوبے کے لوگوں کے مستقبل سے دلچسپی نہیں تو مستعفی ہو جائیں۔ اور ویسے بھی ان کا کرسی پر بیٹھے رہنا پشتونوں کے لیے کوئی نیک شگون نہیں۔