اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز)پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی باہر نکل کر کسی سے انتقام نہیں لیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں رہنما پی ٹی آئی علی محمد خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ باہر نکل کر کسی سے انتقام نہیں لیں گے۔ جس نے ظلم کیا ہے وہ عدالت میں جواب دے گا۔ بانی پی ٹی آئی کو شہادتوں کا دکھ ہے۔
علی محمد خان نے کہا کہ 26 نومبر کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بننا اور اس پر تفتیش ہونا چاہیے۔ جس سپریم کورٹ کی طرف ہم دیکھ رہے ہیں اس پر بھی 26 ترمیم کا حملہ بھی ہوا ہے۔ میں کہتا ہوں جس نے غلط کیا ہے اس کو سزا دیں۔ احتجاج میں افغانیوں کی شمولیت کا جواب حکومت اور اداروں سے بنتا ہے البتہ ہم کسی غلط آدمی کو ساتھ نہیں لائے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ڈی چوک یا سنگجانی جانا ہمارا اندرونی معاملہ تھا ہمیں کوئی یہ نہ بتائے۔ ہمارا سوال ہے کہ گولی کیوں چلائی؟ پولیس اور رینجرز کو بھی اون کرتے ہیں وہ بھی ہمارے شہداء ہیں۔ زمین پر خود کو خدا سمجھنے والوں کو شرم آنی چاہیئے۔ ہمارے تین مطالبات کا جواب لاشوں کی صورت میں دیا گیا۔ پکار تو سپریم کورٹ تک بھی پہنچی ہوگی
علی محمد خان کا مزید کہنا تھا کہ کچھ لوگ پاکستان کی محبت میں سرشار اسلام آباد آئے کہ ان کو سنا جائے گا یہاں ان کے اپنے ہیں، ہمدرد ہیں بات سننے کی ہمت حوصلہ رکھتے ہوں گے۔ ان کو کیا پتہ تھا ان کی جان جائے گی۔ ہماری جماعت نے ابھی تک 12 لوگوں کی اموات کی تصدیق کی ہے۔ میرا یہ کہنا ہے کہ گولی کیوں چلی؟اپنے جائز حقوق کے لئے انے والے لوگوں پر گولی چلائی جائے گی۔کیا آئین وقانون کی بات کرنے والوں کو خاموش کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کبھی نہیں دیکھا کوئی مرتے وقت اپنے خون سے لیڈر کا نام لکھے۔ یہ پی ٹی آئی کے کارکنان نہیں پاکستان کے شہری تھے۔ اللہ کرے گا ہمارا لیڈر باہر نکلے گا۔ یہ ہم کس طرف چل پڑے ہیں اس طرف بھی مسلمان پاکستانی اور ادھر بھی۔ یہ گولیاں تو ہمارے دشمن کیلئے تھیں اس لئے نہیں کہ ہم وطنوں کا سینہ چاک کریں۔ ہم پرامن لوگ ہیں ہماری شہادتیں اٹھتی ہیں ہم شہیدوں کو نہیں بھولیں گے۔ قوم اج بھی انصاف کی متلاشی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اس تمام معاملہ کے حل کے لئے جادو کی کنجی ہے۔