لاہور(روشن پاکستان نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے صدراور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف کی زیرصدارت پارٹی کا مشاورتی اجلاس ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، پارٹی نائب صدر حمزہ شہباز اور سینئر قیادت نے شرکت کی۔
اجلاس میں مجموعی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ نوازشریف نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات پر توجہ مرکوز کی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اخراجات کم کر کے عوام کے ریلیف کے لیے وسائل مہیا کرنے کی تجویز دی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اجلاس کے دوران وفاقی حکومت کے عوامی ریلیف کے اقدامات سے پارٹی سربراہ کو آگاہ کیا اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے ہونے والی بات چیت پر نوازشریف کو اعتماد میں لیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے اور مالی گنجائش پیدا کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اجلاس کو پنجاب میں بجلی بلوں میں ریلیف کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ نوازشریف نے وفاقی حکومت کے 50 ارب اور پنجاب حکومت کے 46 ارب روپے کے عوامی ریلیف کے اقدامات کو سراہا اور مریم نواز کو بجلی بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف کی فراہمی پر شاباش دی۔
نوازشریف نے کہا کہ چاہتا ہوں کہ پاکستان کے ہر شہری کو مہنگائی سے جلد ریلیف ملے۔ انہوں نے مریم نواز اور ان کی ٹیم کی محنت کو سراہا اور ان کے اقدامات کو کامیاب قرار دیا۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کی جعلی تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے پر2 افرادکو گرفتار کرلیا گیا
نوازشریف نے تمام سیاسی جماعتوں، حکومتوں اور اداروں کو مل کر فیصلے کرنے کی تجویز دی تاکہ عوامی مشکلات کا جلد از جلد حل نکالا جا سکے۔
اجلاس میں نوازشریف نے اس بات پر زور دیا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر عوامی ریلیف کے لیے عملی اقدامات کریں اور موجودہ مشکل معاشی حالات میں ہر ممکن وسائل فراہم کریں۔