اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سینئر سیاستدان و عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جنرل باجوہ کی جانب سے مارشل لا لگانے کی دھمکی کی بات درست نہیں۔
وی نیوز کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مارشل لگانے والے کبھی دھمکی نہیں دیتے، یا مشورہ نہیں کرتے، وہ لگا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملکی مسائل کا حل صرف آئین پر چلنے میں ہے، حکومت نہ کام کررہی ہے، نہ ڈیلیور کررہی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکومت کی جانب سے چیف جسٹس کو توسیع دینے کی بات چل رہی ہے، جہاں کرسی کو خطرہ ہوتا ہے تو پھر سب دوڑنا شروع کردیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جو بھی آئین پر چلے گا ہم اس کے ساتھ ہیں، میری تحریک تحفظ آئین پاکستان والوں سے کوئی بات نہیں ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے کہاکہ اس وقت عوام حکومت سے تنگ ہیں، اور اپوزیشن سڑکوں پر ہے۔
مزید پڑھیں: جنرل (ر)قمر باجوہ پاکستان واپس پہنچ گئے
انہوں نے کہاکہ میں نے فیض حمید نیٹ ورک کبھی نہیں دیکھا، سابق ڈی جی آئی ایس آئی سربراہ کی گرفتاری فوج کا اندرونی معاملہ ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ 2024 کے انتخابات سے قبل جنرل فیض حمید ریٹائرڈ ہوچکے تھے، جو شخص سروس سے ریٹائرڈ ہوچکا ہو وہ کسی کے سر پر کیا دست شفقت رکھ سکتا ہے۔