منگل,  10 دسمبر 2024ء
الیکشن جیت کرشہریوں کو مسائل سے پاک اسلام آباد بنا کردونگی،تزئین ازکیٰ

اسلام آباد( ظل ہما)امیدوار برائے حلقہ این اے  48 تزئین ازکیٰ حمیدچوہدری نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں گھریلو خواتین کا سب سے بڑا مسئلہ پانی، بچوں کی تعلیم اورمہنگائی ہے۔ عوام کے مسائل حل کرنا مشن ہے۔ منتخب ہونے کے بعد عوام کو جدید ترقی یافتہ اور مسائل سے پاک اسلام آباد بنا کردونگی ۔

تفصیلات کے مطابق امیدوار برائے حلقہ این اے  48 تزئین ازکیٰ چوہدری نے ایک گفتگومیں کہا کہ اسلام آباد میں بنیادی سہولیات میسر نہیں، اسلام آباد کی کرسچن کالونیوں سمیت شہر سے باہر جو دیہی آبادیاں ہیں وہ بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں اور کہنے کو ہم درالخلافہ کے باسی ہیں آج اس دارلخلافہ کے جو مسائل ہیں ماضی میںآپ جن لوگوں کو بھی منتخب کرتے رہے اس کی ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس صدی کے اندر24 سال گزرچکے ہیں ،چار الیکشن ہوچکے ہیں ،ان چوبیس سالوں میں جو سیاسی جماعتیں اور جو لوگ اسلام آباد سے منتخب ہوتے رہے، آج یہ شہر ان کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے ،تزئین ازکیٰ نے کہا کہ ان کی نااہلی کے با عث اسلام آباد مسائل کی آماجگاہ بن چکا ہے۔آج اسلام آباد میں بیروزگاری عروج پر ہے اسلام آباد کے تعلیمی یافتہ بچے اور بچیاں جن کیلئے اسلام آباد میں روزگار میسر نہیں کیونکہ ان کا ڈومیسائل ان کے روزگار میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس شہر کا سب سے بڑا ہسپتال پمز ہےاس کی ایمرجنسی کی حالت دیکھیں، پولی کلینک جا کر دیکھیں جس کا برا حال ہے، انہوں نے کہاکہ اس شہر کی یونیورسٹیز کالجز کو دیکھیں، اس شہر کے جتنے بھی سرکاری ا دارے ہیں تمام کے تمام فیل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ میں اہل اسلام آباد کویقین دلاتی ہوں اس شہر کو ایک تواناآواز کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ شہر اقتدار وسائل سے مالا مال ہے لیکن روایتی سیاسی جماعتوں نے 76سالوں میں دنیا کے خوبصورت ترین شہر اسلام آباد کو مسائلستان بنا دیا، جہاں آج عوام بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں ،اور انہیں بجلی ، گیس ، پینے کے صاف پانی ،سیوریج سمیت درجنوں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک پر قابض رہنے والوں نے عوام کو درپیش مسائل کے حل پر توجہ دینے کے بجائے اپنی ذات کو ترجیح دی اور عوام کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا گیا ،ا ن کا کہنا تھا کہ انہوں نے سلام آباد کے مسائل کے حل کیلئے بہترین منصوبہ بنایا ہے اور انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اسلام آباد کے عوام کو درپیش مسائل کو بھرپور طریقے سے حل کرینگی۔

مزید خبریں