بدھ,  30 اکتوبر 2024ء
پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ، خورشید شاہ نے فیصلے سے لاعلمی کا اظہار کردیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر سید خورشید احمد شاہ نے کہ پی ٹی آئی پر پابندی کے فیصلے سے پہلے ہم سے مشاورت نہیں کی گئی، بانی پی ٹی آئی اور عارف علوی آرٹیکل چھ کے زمرے میں آتے ہیں کہ نہیں اس کا فیصلہ عدالت کرے گی۔

خورشید شاہ نےنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تحریک انصاف پر پابندی کے حوالے سے ہم سے کوئی بات چیت نہیں ہوئی اور ہمیں نہیں پتہ کن بنیادوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ دو ڈھائی ماہ پہلے یہ معاملہ سامنے آیا تھا۔ سیاسی جماعتیں مل کر مشاورت کریں وہ فیصلے پائیدار ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سابق صدر عارف علوی ، بانی پی ٹی آئی ، قاسم سوری اور فواد چودھری نے پارلیمنٹ کو ختم کرنے کی قرار داد پیش کی تھی ۔ چاروں آرٹیکل چھ کے زمرے میں آتے ہیں کہ نہیں یہ فیصلہ عدالت کرے گی۔

بانی پی ٹی آئی سمیت چاروں اراکین نے قرار داد پیش کی تھی۔ آرٹیکل چھ کے معاملے پر حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا۔ ہمیں معلوم ہی نہیں حکومت نے درخواست میں کیا موقف پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں: 9 مئی سے متعلق کیس میں سینئر پی ٹی آئی رہنماؤں کی ضمانت منظور

خورشید شاہ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت میں جانے سے پہلے اگر اعتماد میں لیا گیا تو بہتر ہے بعد میں کوئی فائدہ نہیں ہوگا لیکن یہ حقیقت ہے کہ یہ چاروں رہنما آرٹیکل چھ کے زمرے میں آتے ہیں۔

مزید خبریں