اتوار,  17 مئی 2026ء
رمضان المبارک ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کرنیکا مہینہ نہیں، چوہدری شوکت منیر

گوجرانوالہ(دلشاد علی)سابق صوبائی رہنما آل پاکستان مسلم لیگ چوہدری شوکت منیر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک ناجائز منافع کمانے ‘اورذخیرہ اندوزی کرنیکا مہینہ نہیں ‘،بدترین ہیں وہ مسلمان جو ناجائز منافع اور ذخیرہ اندوزی کے نام پر عوام کا خون چوستے ہیں ۔ روزے اور عبادات اسی کے قبول ہوتے ہیں جو حقوق اﷲ کے ساتھ حقوق العباد بھی ادا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ رحمتوں ‘برکتوں اور سعادتوں والے مہینے رمضان المبارک کی آمد آمد ہے ‘یہ مہینہ اﷲ کے قرب کے حصول ‘انسانیت کی خدمت ‘حقوق العباد کی پاسداری ‘گناہوں سے بچنے ‘اپنی زندگیاں اﷲ اور اس کے رسول کی بتائی ہوئی تعلیمات کے مطابق بسر کرنے کے عہد کا مہینہ ہے ۔ ضروری ہے کہ اس مہینے میں جہاں ہر مسلمان بھرپور طریقے سے اﷲ کی عبادات کرے وہاں یہ بھی ضروری ہے کہ حقوق العباد اپنے پڑوسیوں ‘ہمسائیوں اور ضرورتمندوں کا بھی خیال رکھا جائے ۔ دکانداروں کو چاہیے کہ وہ ناجائز منافع خوری سے باز رہیں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مناسب حد تک رکھیں اسی طرح سرکاری اداروں کا بھی فرض ہے کہ وہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر پوری طرح چیک اینڈ بیلنس رکھیں ۔

مزید پڑھیں: ماشاءاللہ ، معروف امریکی مصنف اور انکی اہلیہ نے رمضان کی پہلی شب اسلام قبول کر لیا

چوہدری شوکت نے مزید کہا ہے کہ ماہ صیام خداوند عالم کا مبارک مہینہ ہے جس میں رحمتوں کے دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ، بندگان خدا کو اسکی برکتوں سے فیضیاب ہوکر دنیاوی سعادت اور اخروی نجات کا حصول یقینی بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا ایام استقبال رمضان منانے کا مقصد امر باالمعروف اور نہی المنکر پر عمل کرنا ہے تاکہ ہم رمضان المبارک کی برکتوں سے حقیقی معنوں سے فیضیاب ہوسکیں۔

مزید خبریں