اسلام آباد(سعد عباسی) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے مطابق پولنگ 20 دسمبر 2026 کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ انتخابی شیڈول کے اعلان کے ساتھ ہی اسلام آباد میں سرکاری افسران کے تبادلوں اور تعیناتیوں پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسران 30 اکتوبر 2026 کو انتخابی نوٹس جاری کریں گے، جبکہ امیدوار 2 نومبر سے 6 نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 7 نومبر کو جاری کی جائے گی۔
کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 نومبر سے 13 نومبر تک ہوگی، جبکہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 14 نومبر سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ اپیلٹ اتھارٹی 19 نومبر سے 23 نومبر کے دوران اپیلوں پر فیصلے کرے گی۔
امیدوار 25 نومبر تک کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ 26 نومبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق پولنگ کے بعد 21 دسمبر سے 24 دسمبر 2026 تک انتخابی نتائج کی حتمی تیاری اور تدوین کا عمل مکمل کیا جائے گا۔











