بدھ,  21 اکتوبر 2026ء
توقیر کے مبینہ پولیس مقابلے پر مشی خان کے سوالات، لاش کی تصویر سامنے نہ آنے پر اظہارِ تشویش

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کے مقدمے کے مرکزی ملزم توقیر نذیر کے مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے پر سوالات اٹھا دیے۔

مشی خان نے سوال کیا کہ اگر توقیر بہاولپور کے قریب پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے تو اب تک اس کی لاش کی تصویر منظرِ عام پر کیوں نہیں لائی گئی؟ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایسی صورتِ حال تو فلمی ڈراموں میں دیکھنے کو ملتی ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق ملزم توقیر نذیر کو واقعے کے بعد گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں سے اسے چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا گیا، تاہم وہ پولیس حراست سے فرار ہوگیا تھا۔

ناٹنگھم میں پولیس اہلکار پر فائرنگ، پاؤں میں گولی لگنے سے زخمی

عرفان اکبر کے مطابق بہاولپور کے ناردرن بائی پاس پر پولیس نے دو موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی تو ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ فائرنگ کے دوران توقیر اپنے ہی ساتھی کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ملتان میں 15 سالہ یتیم لڑکے کی ہلاکت کا معاملہ

واضح رہے کہ ملتان کی ایک نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے وسیم عباس کو گاڑی تلے کچل کر ہلاک کرنے کا واقعہ پیش آیا تھا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اس پر گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے تھے، جس کے بعد پولیس نے توقیر نذیر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کیا تھا۔

سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق مقتول لڑکا ایک این جی او کے یتیم خانے میں رہائش پذیر تھا اور اسے الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم کے پاس بھیجا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق لڑکے کے کام چھوڑ کر جانے پر اس کا تعاقب کیا گیا اور اسے گاڑی تلے کچل دیا گیا۔

ملزم توقیر کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت سے متعلق پولیس حکام کا مؤقف سامنے آچکا ہے، جبکہ مشی خان نے لاش کی تصویر منظرِ عام پر نہ آنے پر سوال اٹھائے ہیں۔ اس حوالے سے مزید تفصیلات اور متعلقہ حکام کی وضاحت سامنے آنا باقی ہے۔

مزید خبریں