فیصل آباد(روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کی۔
سحر کامران نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کا زرعی تعلیم، تحقیق، پائیدار زراعت اور غذائی تحفظ کے فروغ میں اہم کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زراعت اس وقت ایک اہم مرحلے سے گزر رہی ہے، اس لیے روایتی طریقۂ کاشت کے ساتھ پریسیژن فارمنگ، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ٹیکنالوجیز اور تحقیق پر مبنی پالیسی سازی کو فروغ دینا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جدید زرعی طریقوں کے ذریعے پیداوار میں اضافہ، پانی کا تحفظ اور کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے تحفظ فراہم کیا جاسکتا ہے۔
سحر کامران کا صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کا مطالبہ
رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ جامعات، پالیسی سازوں اور کسانوں کے درمیان مضبوط روابط وقت کی اہم ضرورت ہیں تاکہ زرعی تحقیق کے ثمرات براہِ راست کھیتوں تک پہنچ سکیں۔
سحر کامران نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے اپنے فارم کو جدید خطوط پر استوار کرنے، جدید زرعی تکنیک اپنانے اور کسانوں کی تربیت میں تعاون کو سراہا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی، ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر اسلم اور یونیورسٹی کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔











