اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل کی درخواست مسترد کردی۔
الیکشن 2024ء میں کامیابی کے بعد تحریک انصاف کے آزاد امیدواروں کی سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بعد مخصوص نشستوں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
سنی اتحاد کونسل کی درخواست پر ای سی پی نے فیصلہ سنادیا اور کہا کہ وہ خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کے کوٹے کی مستحق نہیں ہے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں کی ترجیحاتی فہرست جمع کرانے میں 2 دن کی توسیع کی تھی۔
ای سی پی کے فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سنی اتحاد کونسل نے انتخابات سے قبل خواتین کی مخصوص نشستوں کی فہرست نہیں دی جو لازم تھی۔
الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ مخصوص نشستوں کی فہرست انتخابات سےق بل فراہم کرنا قانونی ضرورت ہے، سنی اتحاد کونسل کا بروقت مخصوص نشستوں کی فہرستیں مہیا نہ کرنا قانونی نقص ہے۔
مزیدپڑھیں:پوری دنیا کہہ رہی ہے پاکستان میں شفاف الیکشن نہیں ہوئے ،بیرسٹر گوہر
ای سی پی کے فیصلے میں کہا گیا کہ سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین نے انتخابی نشان کے باوجود آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا، پارٹی نے تصدیق کی کہ اُن کے امیدواروں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 1-4 کے تناسب سے فیصلہ جاری کیا ہے، ممبر پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اختلافی نوٹ لکھا ہے۔