اسلام آباد(راجہ اسرارحسین)اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ڈی سی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنزکی سزا چیلنج کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔تفصیلات کے مطابق چیف کمشنر آفس اسلام آباد کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے ، انٹراکورٹ اپیل کی پیروی کرنے کا فیصلہ مناسب عمل کو یقینی بنانے اور اس میں شامل تمام فریقین کے حقوق کو برقرار رکھنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان نے کہاکہ عدالت کی طرف سے انٹرا کورٹ اپیل کے فیصلے تک ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے، چیف کمشنر آفس قانونی عمل کے ساتھ تعاون جاری رکھے گااورآفس انصاف کے حصول اور گڈ گورننس کے اصولوں کی پاسداری میں ثابت قدم رہے گا،ادھر اسلام آبادپولیس کے ترجمان نے کہاکہ اسلام آباد پولیس کے افسران انٹرا کورٹ اپیل کریں گے تاکہ فیصلے کو کالعدم کروایا جا سکے۔
مزید پڑھیں: عدالتی حکم کے باوجود شہریار آفریدی کی گرفتاری، ڈی سی اسلام آباد کے وارنٹ جاری
اسلام آباد پولیس کے افسران اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اپنے جائز اختیارات قیام امن عامہ کیلیے استعمال کیے۔قانون سب کیلیے برابر ہے، قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس اپنے فرائض منصبی تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد ، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایچ او عدالت کے حتمی فیصلے تک اپنے عہدوں پر کام کرتے رہیں گے۔











