بدھ,  08 اپریل 2026ء
پاکستان کی کوششیں رنگ لے آئیں، امریکی صدر کا ایران پر بمباری 2 ہفتوں کیلئے روکنےکا اعلان، ایران نے بھی دفاعی کارروائیاں روک دیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں کے بعد امریکا ، اسرائیل اور ایران نے جنگ بندی پر اتفاق کر لیا۔ جنگ بندی میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اہم کردار ادا کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم شہباز شریف کی دو ہفتے کی جنگ بندی کی درخواست کو قبول کر لیا۔ جس کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات اسلام آباد میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

امریکی صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران پر بمباری اور حملے دو ہفتوں کے لیے معطل کرنے پر رضامند ہوں، بمباری اورحملے معطل کرنے کا حکم دیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ ہونے والی بات چیت کے بعد درخواست کی تھی کہ آج رات ایران پر بھیجے جانے والے تباہ کن حملے کو روک دیا جائے۔

ٹرمپ نے اپنے پیغام میں ایران کیلئے دی کنٹری آف ایران کے متبادل کے طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کا استعمال کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ ہم نے اپنے تمام فوجی اہداف حاصل کر لیے ہیں اور ان سے آگے نکل چکے ہیں اور ایران کے ساتھ طویل مدتی امن کے بارے میں ایک واضح معاہدے کی طرف بہت آگے بڑھ چکے ہیں، جو مشرق وسطیٰ میں امن کا باعث بنے گا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ایران کی طرف سے 10 نکات پر مشتمل ایک تجویز موصول ہوئی ہے اور وہ اسے بات چیت کی بنیاد کے طور پر قابل عمل سمجھتے ہیں۔

نیتن یاہو نے ٹرمپ کو کال کرکے کہا جنگ بندی نہ کریں، اسرائیلی عہدیدار

ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے تقریباً تمام متنازعہ نکات پر امریکا اور ایران کے درمیان اتفاق رائے ہو چکا ہے، لیکن دو ہفتوں کا عرصہ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے اور اسے مکمل کرنے کے لیے درکار ہے۔

دوسری جانب ایران کی اعلیٰ سلامتی کونسل نے بھی جنگ بندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے ایران کے 10 نکاتی منصوبے کو مذاکرات کی بنیاد کے طور پر قبول کر لیا ہے۔ ان مذاکرات کا آغاز اسلام آباد میں جمعہ سے ہو گا اور یہ دو ہفتے جاری رہیں گے۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ اگر ایران پر حملے بند کر دیے جائیں تو ان کی افواج بھی کارروائیاں روک دیں گی۔

ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ایران اور امریکا نے اپنے اتحادیوں کے ہمراہ، لبنان اور دیگر تمام مقامات سمیت ہر جگہ فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہے۔

مزید خبریں