لاہور (سعد عباسی) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے مطالبے پر وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے ٹرینوں میں سفر کے دوران صحافیوں کی شریکِ حیات کو ملنے والی رعایتی ٹکٹ کی سہولت بحال کر دی ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور میں ہونے والی ایک ملاقات کے دوران کیا گیا، جہاں صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے صحافیوں کے وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کو دی جانے والی سفری رعایت میں حالیہ تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شریکِ حیات کے لیے رعایت کی بحالی کا مطالبہ پیش کیا۔
وفاقی وزیر محمد حنیف عباسی نے مطالبہ منظور کرتے ہوئے فوری طور پر اس سہولت کی بحالی کی منظوری دے دی۔ ترجمان ریلوے کے مطابق نئی پالیسی کا نوٹیفکیشن جمعرات تک جاری کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور آواز ہیں، اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کی مضبوط بنیاد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز صحافی برادری کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لیے اقدامات جاری رکھے گا۔
میڈیا شدید بحران کا شکار، نظام سے فائدہ چند ہزار افراد کو ہو رہا ہے، افضل بٹ
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری نے اس اقدام پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں ریلوے بیٹ سے وابستہ صحافی بھی موجود تھے۔











