اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی جلد فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر اور حکومت کی جانب سے عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ اور مال بردار گاڑیوں کے لیے ریلیف کی رقم دینے کا آغاز کر دیا گیا ہے، ریلیف کی رقم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے فراہمی کا آغاز کیا گیا ہے۔
پاکستانی شہری خطے میں سب سے مہنگا پیٹرول خریدنے پر مجبور
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مؤثر اور شفاف نظام کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی بسوں کو سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی ہے ، گڈز ٹرانسپورٹ کے ٹرکوں اور مال بردار گاڑیوں کو بھی سبسڈی کی ڈیجیٹل منتقلی شروع کر دی گئی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور طبقے کو ریلیف کی جلد فراہمی کے لیے کوشاں ہیں، مشکل وقت میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، عام آدمی کو ریلیف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی کفایت شعاری و سادگی کے اقدامات سے بچائی گئی رقم کو عوام پر خرچ کریں گے۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس کو عوامی ریلیف کے اقدامات کے نفاذ پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا اور بریفنگ دی گئی کہ ملکی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کے مناسب ذخائر موجود ہیں۔











