جمعرات,  26 مارچ 2026ء
کراچی میں ‘میرا سلطان’ سیریز چل رہی ہے ،ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار

کراچی (روشن پاکستان نیوز) رہنما ایم کیوایم فاروق ستار نے سندھ حکومت کو اڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کراچی میں ‘میرا سلطان’ سیریز چل رہی ہے ، زمینوں کی بندر بانٹ کرکے چار کروڑعوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سندھ حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں ‘میرا سلطان’ جیسی بادشاہت قائم ہے، جہاں قانون کے بجائے من مانی چل رہی ہے۔

انہوں نے شہر کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی اور زمینوں پر قبضے کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کراچی کا ماسٹر پلان 2007 میں ایم کیو ایم کے دور میں بنایا گیا تھا، جسے سندھ حکومت نے 2018 میں منظور تو کیا مگر آج تک اس پر عملدرآمد نہیں ہوا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ماسٹر پلان کی آڑ میں کراچی کی زمینوں کی بندر بانٹ کی گئی، ایجوکیشن سٹی کی 7 ہزار ایکڑ اور ایئرپورٹ کی 15 ہزار ایکڑ زمین ہتھیائی جا چکی ہے، میڈیا سٹی، آئی ٹی سٹی اور آٹوموبیل سٹی کے لیے مختص زمینوں پر بھی ڈاکہ ڈالا گیا۔

سندھ میں گورنر کی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے جارحانہ انداز اپنایا اور کہا کہ “سندھ میں ہمارا گورنر ہٹا دیا گیا ہے، لیکن ہم گورنری بھی واپس لیں گے اور سود کے ساتھ واپس لیں گے”۔

ترلئی کلاں خودکش دھماکہ: ایم کیو ایم پاکستان کے صدر سید ندیم منصور کا شدید مذمتی بیان

انہوں نے مزید کہا کہ “ہم تمہارے 8 آئینی عہدے کھا جائیں گے” اور جلد ہی ان کے خلاف نیب کی فائلیں بھی کھلیں گی۔

رہنما ایم کیو ایم نے تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے سندھ اسمبلی میں کراچی صوبہ مخالف قرارداد کی حمایت کر کے شہر کے عوام کے ساتھ غداری کی ہے۔

فاروق ستار نے شہر میں بڑھتے ہوئے حادثات اور بھتہ خوری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈمپر اور کنٹینر ہمارے بچوں کو نگل رہے ہیں۔ .

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس (صوبے) بننے چاہئیں تاکہ عوام کو ان کے حقوق مل سکیں۔

مزید خبریں