هفته,  21 مارچ 2026ء
ایران میں فوجی مداخلت خطرناک جوا، خطہ بڑی جنگ کی طرف بڑھ سکتا ہے: سحر کامران

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے مشرقِ وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں “بوٹس آن دی گراؤنڈ” یعنی براہِ راست زمینی فوجی مداخلت کسی بھی طور پر کشیدگی کم کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک خطرناک جوا ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران میں بیرونی افواج کی موجودگی کو “وائنڈنگ ڈاؤن” یا حالات کو قابو میں لانے کی کوشش قرار دینا گمراہ کن ہے، کیونکہ اس کے نتیجے میں پورا خطہ ایک بڑے تصادم کی لپیٹ میں آ سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسی پالیسی نہ صرف خطے کے امن کو نقصان پہنچائے گی بلکہ عالمی سطح پر بھی اس کے سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔

والدِ مرحوم کی ساتویں برسی: سحرکامران کا جذباتی پیغام، ایصالِ ثواب کے لیے سورۂ فاتحہ کی اپیل

سحر کامران نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ پہلے ہی ایک نازک دور سے گزر رہا ہے، جہاں حالیہ تنازعات نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق حالیہ کشیدگی کے دوران ایران میں میزائل حملوں اور جھڑپوں کے باعث خوف و ہراس پھیل چکا ہے اور متعدد افراد ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں ۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر سفارتی کوششیں تیز کرے اور خطے کو ایک بڑی جنگ سے بچانے کے لیے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے مذاکرات ہی پائیدار امن کی واحد راہ ہیں۔

آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ پالیسیوں پر نظرثانی نہ کی گئی تو مشرقِ وسطیٰ ایک وسیع جنگ کی طرف بڑھ سکتا ہے، جس کے اثرات خطے سے باہر بھی محسوس کیے جائیں گے۔

مزید خبریں