منگل,  24 فروری 2026ء
شیخ رشید کی عمرہ ادائیگی کی روانگی کیلئے دائر درخواست مسترد

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) انسداد دہشتگردی عدالت نے شیخ رشید کی عمرہ ادائیگی کی روانگی کے لیے دائر درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے شیخ رشید کی عمرہ ادائیگی کی روانگی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سابق وزیر اپنے وکیل سردار عبدالرازق خان کے ہمراہ عدالت پیش ہوئے۔

 اسپیشل پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے درخواست کی مخالفت میں دلائل دیے۔

شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ہر سال رمضان المبارک میں عمرہ ادا کرنے جاتے ہیں، ان کا پاسپورٹ اور دیگر دستاویزات ضبط کی گئی ہیں، انہیں عمرہ ادائیگی کے لیے سعودی عرب جانے کی اجازت دی جائے۔

پراسیکیوٹرظہیر شاہ نے کہا کہ عدالت اس سے قبل ملزم کو 2مرتبہ عمرہ ادائیگی کی اجازت دےچکی ہے،لاہور ہائیکورٹ نے بھی شیخ رشید کو عمرہ ادائیگی کی اجازت دے دی تھی، وفاقی حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہوا ہے۔

ظہیر شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اپیل لاہور ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ میں زیر سماعت ہے، وفاقی حکومت کی اپیل پر عدالت عالیہ شیخ رشیدکے عمرہ ادائیگی کا فیصلہ معطل کرچکی ہے، ماتحت عدالت ہائیکورٹ کے فیصلے سے متصادم کوئی فیصلہ جاری نہیں کرسکتی۔

موجودہ حکومت فارم 47 کی پیداوار، فوج بھی ہماری ہے اور ملک بھی ہمارا، عمران خان کا جینا مرنا پاکستان کے ساتھ ہے, آصف بٹ

پراسیکیوٹر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت نے درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں بھی ڈالا ہوا ہے، درخواست گزارنے اپنی درخواست میں اعلیٰ عدلیہ میں زیر سماعت اپیل کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے، درخواست گزار نے ہائیکورٹ میں زیرسماعت اپیل کی تفصیلات بھی درخواست میں شامل نہیں کیں۔

فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے شیخ رشید کی درخواست خارج کردی اور قرار دیا کہ معاملہ پہلے ہی لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں زیر سماعت ہے۔

عدالت نے شیخ رشید احمد کو آئندہ محتاط رہنے کی بھی تنبیہ کی۔

مزید خبریں