کراچی(روشن پاکستان نیوز) شہر قائد میں اربوں روپے کی ڈکیتی کے سرغنہ کو 6 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کا سامان برآمد کر لیا گیا۔
کراچی کی تاریخ کی چند بڑی ڈکیتیوں میں سے ایک واردات میں مبینہ طور پر ملوث سرغنہ عرفان کو ساتھیوں سمیت گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 30 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مسروقہ سامان بھی برآمد کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاریاں اورنگی ٹاؤن کی اقبال مارکیٹ میں واقع پرنس جیولرز میں ہونے والی ڈکیتی کے 48 گھنٹوں کے اندر عمل میں آئیں۔ ملزمان نے دکان کی عقبی دیوار توڑ کر سیف تک رسائی حاصل کی تھی۔
بہاول پور سے کراچی جانے والی بس خوفناک حادثے کا شکار، 11 افراد جاں بحق، 15 شدید زخمی
چوری شدہ اشیا میں 606 تولہ سونا، 7 ہزار 64 گرام کسٹم میڈ طلائی زیورات، 25 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے اور دیگر قیمتی اشیا شامل تھیں۔
ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کی ہدایت پر ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ایس ایس پی ویسٹ طارق الہٰی مستوئی کی نگرانی میں کارروائی انجام دی۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ دکان کے ایک ملازم عامر نے چابیاں نقل کر کے اور دیوار پر نشانات لگا کر واردات میں سہولت فراہم کی۔ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گرائنڈر مشین، اسلحہ، موٹرسائیکل اور موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے۔
ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف کیا کہ ڈکیتی کی منصوبہ بندی 6 ماہ قبل کی گئی تھی۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔











