دبئی(روشن پاکستان نیوز) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دورہ متحدہ عرب امارات کے موقع پر یو اے ای کے نائب حکمران و مشیر قومی سلامتی سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا جہاں انہوں نے یو اے ای کے نائب حکمران اور قومی سلامتی کے مشیر شیخ طہنون بن زید النہیان سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں بالخصوص اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈکپ2026: نیوزی لینڈ نے یو اے ای کو شکست دیدی
فریقین نے خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل ہم آہنگی اور قریبی رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے لیے متحدہ عرب امارات کے مسلسل تعاون اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ حمایت دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان میں معاشی و سماجی ترقی کے فروغ میں متحدہ عرب امارات کے تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دونوں ممالک باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔











