اتوار,  15 فروری 2026ء
پی ٹی آئی کے اہم رہنما نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دیدیا

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پی ٹی آئی رہنما مراد سعید نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے اور اس حوالے سے اپنا استعفیٰ سینیٹ آف پاکستان کے چیئرمین کے نام خط کے ذریعے بھجوا دیا ہے۔

استعفے کے متن میں مراد سعید نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ پارلیمنٹ کی بنیاد جعلی اور ناجائز ہے اور یہ پارلیمنٹ عوام کے مینڈیٹ کی توہین میں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں پارٹی کو سخت فیصلے کرنے چاہئیں اور فوری طور پر پارلیمانی نظام سے الگ ہونے پر غور کرنا چاہیے۔

مراد سعید نے اپنی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ سینیٹ کے ساتھ ساتھ دیگر قانون ساز اداروں سے بھی یک مشت استعفے دیے جائیں تاکہ عوامی مینڈیٹ کے حوالے سے واضح سیاسی پیغام دیا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق انہوں نے پارٹی کو سینیٹ سمیت قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے اجتماعی استعفوں کی تجویز دی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے مراد سعید کے سینیٹ سے استعفے کی تصدیق کر دی ہے۔

پی ٹی آئی نے ڈی چوک میں دھرنے کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ مراد سعید 2025 میں سینیٹر منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے اب تک بطور سینیٹر حلف نہیں اٹھایا تھا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق اس استعفے کے بعد ملکی سیاست میں نئی بحث شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ اپوزیشن اور حکومتی حلقوں کی جانب سے بھی ردعمل متوقع ہے ۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت سے پارلیمانی سیاست پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جبکہ آنے والے دنوں میں سیاسی درجہ حرارت مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں