اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) سابق پاکستانی کرکٹرز نے سابق وزیراعظم و بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے صحت کے مسائل سن کر دل دکھتا ہے، امید ہے کہ حکام اس معاملے کو سنجیدگی سے لیں گے۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت اور علاج ان کا بنیادی حق ہے اور یہ سہولت ہر صورت فراہم کی جانی چاہیے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی بیٹوں قاسم اور سلیمان سے ٹیلیفون پر بات کرا دی گئی
شعیب اختر نے کہا کہ گزشتہ 3 ماہ سے وہ امریکا میں سابق وزیراعظم عمران خان کے شوکت خانم کینسر اسپتال کے لیے فنڈز اکٹھے کر رہے ہیں۔ انہوں نے عمران خان کی ایک آنکھ کی بینائی متاثر ہونے کی خبروں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دعا گو ہیں کہ عمران خان کو بہترین علاج ملے اور وہ جلد صحتیاب ہوں۔
یونس خان نے بھی کہا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو فوری طبی توجہ کی ضرورت ہے۔ انسانیت اور قومی ہیروز کا احترام ہر چیز سے پہلے ہونا چاہیے۔
وقار یونس نے کہا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر، ہمارا قومی ہیرو جس نے ہمیں کھیل کے میدان میں سب سے بڑی خوشی دی، جس کا کینسر اسپتال ہزاروں لوگوں کے لیے مددگار ثابت ہوا، سابق وزیراعظم عمران خان کو بروقت اور مناسب علاج فراہم کیا جائے۔











