جمعه,  13 فروری 2026ء
نوجوان ریڈیو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ، ڈیجیٹل دور میں ریڈیو کا کردار مزید مؤثر ہوگا: مسرت شاہ رخ

راولپنڈی (سعد عباسی):ریڈیو پاکستان کی ڈائریکٹر پروگرامز مسرت شاہ رخ نے کہا ہے کہ نوجوان نسل ریڈیو پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور ادارہ انہیں سیکھنے، اظہارِ خیال اور اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے بھرپور مواقع فراہم کر رہا ہے۔ وہ عالمی یومِ ریڈیو 2026 کے موقع پر رفاہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیا سائنسز کے اشتراک سے منعقدہ بین الجامعاتی ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایشن مقابلے کی تقریبِ تقسیمِ انعامات سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہی تھیں۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر انیس احمد، اسٹیشن ڈائریکٹر محمد عاطف، ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد ریاض، پروگرام منیجر ناہید یونس، سینئر پروڈیوسر طاہر محمود اور محسنہ بخاری کے علاوہ نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی اور ویمن یونیورسٹی کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی۔

مسرت شاہ رخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریڈیو پاکستان ایک عظیم قومی ادارہ ہے جس نے ملکی روایات، ثقافت اور قومی شناخت کے فروغ میں تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی اور سوشل میڈیا کے دور میں بھی ریڈیو کی اہمیت کم نہیں ہوئی بلکہ اس کی افادیت میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کے مطابق مقابلے میں شریک طلبہ و طالبات 2026 کے لیے ریڈیو پاکستان کے ڈیجیٹل سفیر ہیں اور ان کا تخلیقی و معیاری ڈیجیٹل مواد ریڈیو کو جنریشن زی سے مؤثر انداز میں جوڑنے میں مددگار ثابت ہوگا۔

پاکستان کو بچانے کیلئے کراچی کو بچاناضروری، مستقبل کا فیصلہ کرنا ہوگا: ڈاکٹرفاروق ستار

انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو پاکستان نوجوانوں کو عملی تربیت، رہنمائی اور اظہار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے اور آئندہ بھی مختلف تعلیمی اداروں کے تعاون سے ایسے پروگرامز اور مقابلے منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلبہ اپنی تخلیقی و ڈیجیٹل صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکیں۔

وائس چانسلر پروفیسر انیس احمد نے کہا کہ اس تقریب کے ذریعے قومی روایات کو تازہ کیا گیا۔ انہوں نے ریڈیو کو معلومات، آگاہی اور تعلیم کا مؤثر ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ریڈیو سادگی اور اعتماد کے ساتھ عوام تک پیغام پہنچاتا ہے اور قومی شناخت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر بین الجامعاتی ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایشن مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اسناد اور انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ مہمانِ خصوصی نے کامیاب شرکاء کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مزید خبریں