جمعرات,  12 فروری 2026ء
ایران کے قومی دن کی تقریب: سحر کامران کا پاک ایران دوستی اور علاقائی امن کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) رکنِ قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ یہ گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں پر مبنی ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایران کے اسلامی انقلاب کی 47ویں سالگرہ اور قومی دن کے موقع پر منعقدہ استقبالیہ تقریب میں شرکت کے بعد اپنے بیان میں کہی۔

سحر کامران نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کے ہمراہ تقریب میں شرکت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقع دونوں برادر ممالک کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور علاقائی امن و استحکام کے عزم کی تجدید کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے عوام صدیوں پر محیط مشترکہ تاریخ اور تہذیبی ورثے سے جڑے ہوئے ہیں، جنہیں مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

زرداری محسنِ جمہوریت، آرمی چیف کو چیف آف ڈیفنس بنانا احسن اقدام ہے، سحرکامران

انہوں نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں پاکستان اور ایران کا قریبی تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ توانائی، تجارت، سرحدی تعاون، انسداد دہشت گردی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں اشتراک دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پارلیمانی سطح پر بھی پاک ایران دوستی کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کردار ادا کیا جائے گا۔

رکنِ اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن، مکالمے اور باہمی احترام کی پالیسی کا حامی رہا ہے اور ایران کے ساتھ تعلقات اسی وژن کا تسلسل ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک مستقبل میں اقتصادی تعاون، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کو مزید فروغ دیں گے، جو خطے میں استحکام اور ترقی کے لیے سودمند ثابت ہوگا۔

مزید خبریں