لاہور(عرفان حیدر) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور کے کارگو شیڈ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے بیرونِ ملک نشہ آور گولیوں کی بھاری مقدار میں اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات پر کارروائی کے دوران 32 کارٹنوں پر مشتمل ایک کھیپ تحویل میں لی گئی۔ مکمل تلاشی کے دوران کارٹنوں سے 14 لاکھ 70 ہزار ٹراماڈول گولیاں (وزن 808.5 کلوگرام) اور 57 ہزار 600 ویلیم گولیاں (ڈائزیپام) برآمد ہوئیں جن کا وزن 17.280 کلوگرام ہے۔ ضبط شدہ گولیوں کا مجموعی وزن 825.78 کلوگرام بنتا ہے۔
اے این ایف کا تعلیمی اداروں کے اطراف اور مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
ترجمان کے مطابق یہ کھیپ نائیجیریا کے لیے بک کروائی گئی تھی۔ برآمد کی گئی گولیوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اسمگلنگ میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔
اے این ایف کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ گولیاں مختلف اقسام کی منشیات تیار کرنے میں استعمال ہوتی ہیں اور بھاری مقدار میں نشہ آور گولیوں کی اسمگلنگ ایک تشویشناک رجحان کی عکاس ہے۔ منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کی جانب سے تجارتی اور برآمدی چینلز کا غلط استعمال نہ صرف قومی سلامتی بلکہ عوامی صحت اور پاکستان کی بین الاقوامی ساکھ کے لیے بھی سنگین خطرہ ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ اے این ایف اسمگلنگ کے بدلتے ہوئے طریقوں کو ناکام بنانے اور تجارتی چینلز کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور پاکستان کو منشیات سے پاک بنانے کے مشن پر پوری تندہی سے عمل پیرا ہے۔











