پیر,  09 فروری 2026ء
کشمیری پاکستان میں کاروبار کرسکتے ہیں تو پاکستانی کشمیر میں کیوں نہیں کرسکتے: فیصل راٹھور
کشمیری پاکستان میں کاروبار کرسکتے ہیں تو پاکستانی کشمیر میں کیوں نہیں کرسکتے: فیصل راٹھور

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنا ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور وہ آزاد کشمیر کو ایک کامیاب معاشی کہانی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

اپنے خطاب میں وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس میں آ کر انہیں خوشی محسوس ہو رہی ہے، جہاں بڑی تعداد میں ایسے چہرے موجود ہیں جن کا تعلق کشمیر سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری پاکستان میں کاروبار کر سکتے ہیں تو پاکستانی سرمایہ کار آزاد کشمیر میں کاروبار کیوں نہیں کر سکتے، اس حوالے سے رکاوٹیں دور کی جائیں گی۔

راجہ فیصل ممتاز راٹھور کا کہنا تھا کہ ان کا تعلق ایک ایسی ریاست سے ہے جو طویل جدوجہد سے گزر رہی ہے، تاہم وہ آزاد کشمیر کو ایک نئے اور مختلف انداز میں آگے لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر ایک حساس خطہ ہے جس کے پیچھے ایک طویل تاریخ موجود ہے اور یہ پاکستان کی شہ رگ ہے، جو جسم کا سب سے اہم حصہ ہوتی ہے۔

کسی عالمی قانون کو نہیں مانتا ، ہر ملک میں فوجی کارروائی کیلئے آزاد ہیں ، ڈونلڈ ٹرمپ

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ وہ اقتدار کو طاقت نہیں بلکہ خدمت سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا چھ ماہ کا دور حکومت لینڈنگ اور ٹیک آف دونوں پر مشتمل ہے اور وہ کم وقت میں زیادہ مؤثر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے والد کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بھی نو ماہ کے قلیل عرصے میں تاریخی کام کیے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں ماضی کی کوتاہیوں کی ایک بڑی وجہ تسلسل کا فقدان رہا ہے اور ریاست کے وسائل کو اس طرح استعمال نہیں کیا جا سکا جیسا ہونا چاہیے تھا۔ راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، جہاں وادیاں، پہاڑ اور سیاحت کے بہترین مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھا کر ریاست کی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

تقریب میں شریک بزنس کمیونٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے وژن کو سراہتے ہوئے آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری اور تجارتی مواقع میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں