اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں مسجد کے اندر ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین، بزدلانہ اور انسانیت سوز دہشت گردی قرار دیا ہے۔
انہوں نے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم اور بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانے والوں کا اسلام اور انسانیت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایسے عناصر نہ صرف ملک بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں اور ان کی کارروائیاں ملکی امن، سلامتی اور معاشرتی ہم آہنگی پر براہِ راست حملہ ہیں۔
علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد جیسے حساس اور محفوظ سمجھے جانے والے شہر میں اس نوعیت کا واقعہ ہونا سکیورٹی انتظامات پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک سزا دی جائے۔
ایران کے 2 مختلف شہروں میں دھماکے،ہلاکتوں سے متعلق افسوسناک خبر
انہوں نے زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ شہداء کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔
مرکزی سیکرٹری جنرل نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے مومنین سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کے ناطے آگے بڑھیں اور زخمیوں کے لیے خون کے عطیات دینے کے لیے قریبی ہسپتالوں سے فوری رابطہ کریں۔











