جمعرات,  05 فروری 2026ء
غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن، ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے
غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن، ملک بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) آج ملک بھر میں کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے۔

آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، مظفر آباد میں صبح نو اور دس بجے کے درمیان سائرن بجائے جائیں گے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

آج پورے ملک میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا، آزاد کشمیر اور پاکستان کو ملانے والے راستوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا خصوصی اجلاس بھی آج ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف مظفر آباد جائیں گے۔

صدر مملکت و وزیراعظم کے خصوصی پیغامات

یوم یکجہتی کشمیر پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیریوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن کشمیریوں سے غیر متزلزل حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے، دنیا بھر میں پاکستانی کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینا ناگزیر ہے۔

وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا بھارتی اقدام غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ ہے۔

پاکستان اور کشمیر لازم و ملزوم، ہمارا نظریہ پاکستان مخالف نہیں، سردار تنویر صدیقی

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری بھائیوں کی بے مثال جرات، استقامت اور قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈا پر موجود دیرینہ حل طلب تنازعات میں سے ایک ہے، بھارت کی ہٹ دھرمی کے باعث کشمیری عوام کو بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر جبر اور سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا گڑھ بنا ہوا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ من مانی سیاسی نظربندیاں بھارت کے معمول کے ہتھکنڈے بن چکے ہیں، 5اگست 2019 کو بھارت نے غیر قانونی اور یکطرفہ انتظامی کا سلسلہ شروع کیا، ان اقدامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر اپنے جبری تسلط کو مضبوط بنانا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ سمیت ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھرپور وکالت کی، پاکستان کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد میں بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔

مسلح افواج کا خصوصی پیغام

یومِ یکجہتی کشمیر پر پاکستان کی مسلح افواجِ نے کشمیری عوام سے غیر متزلزل اظہارِ یکجہتی کیا ہے، آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر سروسز چیفس نے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کی بھرپور حمایت کی۔

مسلح افواج نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور من مانی گرفتاریوں کو ناقابل قبول قرار دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کا آبادیاتی و سیاسی تشخص بدلنے کی کوششوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا اور مسئلہ کشمیر کے حل کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر قرار دیا۔

مسلح افواج نے کہا کہ عالمی برادری کشمیری عوام کی تکالیف کم کرنے کیلئے عملی اقدامات کرے، مسلح افواج ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم پر قائم ہیں، کشمیری بہن بھائیوں کی آزادی اور وقار کے جائز حق کی مکمل حمایت جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں