اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ملک میں بارشوں اور برفباری کا نیا سسٹم داخل ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین میں بارش ہوئی، کوژک ٹاپ، شیلا باغ اور لوئی بند سمیت بالائی علاقوں میں برفباری کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔
پنجاب، خیبرپختونخوا میں آج سے تین فروری تک بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، مری اور گلیات میں برفباری کی توقع ہے۔
چترال، دیر، کوہستان، سوات اور کالام میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے، اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، چاغی اور گوادر میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں ہلکی برفباری کی توقع ہے۔ گلگت بلتستان میں بھی بعض مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
ملک میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کی پیشگوئی
ایبٹ آباد اور گرد و نواح میں آج سے بارش کا سلسلہ شروع ہونے کی توقع ہے، سردی اور ممکنہ برفباری کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی افراد کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔











